Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

اتوار کو ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

شائع 02 مئ 2020 04:55pm

کراچی: اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے دوران موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔

آج خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر (زیریں) میں 17 جبکہ (بالائی) میں 06، پٹن میں 17، کالام میں 09، چراٹ میں 08، چترال میں 06، میرکھانی میں 03، مالم جبہ میں 03، سیدو شریف میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے علاقے بگروٹ میں 11، ہنزہ میں 09، استورمیں 05، گوپس میں 04، گلگت میں 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجاب کے علاقوں لاہور ائرپورٹ پر 09 اور سٹی میں 07، فیصل آباد میں 08، جھنگ میں 05، جوہر آباد اور حافظ آباد میں 04، مری میں 02، اسلام آباد (زیروپوائنٹ، سید پور 02 ، بوکرا 01)، سیالکوٹ میں 01 اور کشمیر کے گڑھی دوپٹہ میں 03 ملی میٹر بارش ریکارد کی گئی۔

آج ریکارڈ سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ سکرند، دادو اور جیکب آباد میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔